ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستان سے کیے گئے حملے میں دو ایرانی ہلاک ہو گئے، گارڈز

پاکستان سے کیے گئے حملے میں دو ایرانی ہلاک ہو گئے، گارڈز

Sun, 16 Jul 2017 15:43:15    S.O. News Service

کراچی،16؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے باغیوں کے ایک حملے میں دو ایرانی سویلین ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایرانی انقلابی گارڈزکے مطابق سرحد پار سے یہ حملہ ہفتے کی شام کیا گیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی انقلابی گارڈز کی طرف سے اپنی ویب سائٹ سپاہ نیوز میں جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیستان بلوچستان صوبے میں ہفتے کی شام، دہشت گردوں نے۔۔۔ پاکستانی سرحد کے اندر سے سواران کے ایرانی سرحدی علاقے میں فائرنگ کی۔ بیان کے مطابق، اس علاقے سے تعلق رکھنے والے دو مقامی ورکرز اس دہشت گردانہ حملے میں شہید ہو گئے۔پاکستان کے مغربی صوبے بلوچستان کے ایک مقامی اہلکار کے مطابق ایران کی جانب سے داغے جانے والے ایک مارٹر شیل سے ایک شہری ہلاک ہوگیاہے۔اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ القدس فورس سے تعلق رکھنے والے فوجیوں نے ایک حملہ آور کو ہلاک کر دیا اور دو دیگر کو زخمی، جبکہ بقیہ دہشت گرد پاکستانی علاقے کی طرف فرار ہو گئے۔ القدس فورس ایرانی انقلابی گارڈز کا غیر ملکی آپریشن وِنگ ہے۔اے ایف پی کے مطابق باغی گروپ کی شناخت نہیں بتائی گئی تاہم یہ علاقہ گزشتہ کئی برسوں سے جیش العدل نامی گروپ کی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔ تہران حکومت کا کہنا ہے کہ یہ گروپ القاعدہ سے تعلق رکھتا ہے اور یہ پاکستانی صوبہ بلوچستان میں اپنی جڑیں بنائے ہوئے ہے۔رواں برس اپریل میں میر جاوہ کے علاقے میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھی جیش العدل ہی پر عائد کی گئی تھی۔ اس حملے میں 10 ایرانی سرحدی گارڈز مارے گئے تھے۔ اُس حملے کے بعد ایرانی صدر حسن روحانی نے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کو لکھا تھا کہ دونوں ممالک کے سرحدی علاقے میں باغیوں کے حملوں سے بچنے کے لیے کوششوں میں اضافہ کیا جائے۔ایرانی گارڈز کی طرف سے 19 جون کو بتایا گیا تھا کہ انہوں نے ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان کے ساحلی شہر چابہار میں ایک اور عسکریت پسند گروپ انصار الفرقان کے سربراہ اور چار دیگر ارکان کو ہلاک کر دیا ہے۔


Share: